Get Alerts

ایران کا اقوام متحدہ کو خط، امریکی فوجی حملے کی صورت میں فیصلہ کن جواب دینے کی دھمکی

ایران کا اقوام متحدہ کو خط، امریکی فوجی حملے کی صورت میں فیصلہ کن جواب دینے کی دھمکی

تہران : ایران نے ممکنہ امریکی فوجی حملے کے پیش نظر اقوام متحدہ کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت کی صورت میں ایران بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔

ایران کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط میں خبردار کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات فوجی جارحیت کے حقیقی خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ایران نے اس خط میں کہا کہ وہ جنگ اور کشیدگی میں اضافے کی خواہش نہیں رکھتا، لیکن اگر حملہ کیا گیا تو وہ اپنے دفاع میں بھرپور کارروائی کرے گا۔

ایران نے واضح کیا کہ اگر امریکہ نے فوجی کارروائی کی، تو اس کا ردعمل خطے میں موجود مخالف قوتوں کے فوجی اڈوں، تنصیبات اور دیگر اثاثوں کو جائز ہدف بنا کر کیا جائے گا۔

خط میں امریکی صدر کی سوشل میڈیا پوسٹ کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکہ کو ڈیگو گارشیا اور آر اے ایف فیئر فورڈ کے ایئر فیلڈ استعمال کرنا پڑیں گے تاکہ ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

ٹیگز: