ڈھاکہ : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ایک روزہ میچ بارش کے باعث ڈرامائی صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث کھیل کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ (DLS) کے تحت محدود کر دیا گیا ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 48 ویں اوور میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ گرین شرٹس کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔ معاذ صداقت: 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا: 64 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم اضافہ کیا۔ محمد رضوان: 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
میچ میں بارش کے باعث بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا نیا اور مشکل ہدف دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ پاکستان کے فاسٹ باؤلرز نے صرف 15 رنز پر بنگلہ دیش کے 3 ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ کھیل ابھی ساتویں اوور میں ہی پہنچا تھا کہ بارش نے ایک بار پھر انٹری دے دی، جس کے باعث میچ روک دیا گیا ہے۔