Get Alerts

دوسرے ون ڈے میں پاکستان کا شاندار کم بیک، بنگلہ دیش کو 128 رنز سے عبرتناک شکست

دوسرے ون ڈے میں پاکستان کا شاندار کم بیک، بنگلہ دیش کو 128 رنز سے عبرتناک شکست

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے دھول چٹا دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔میرپور میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
    نوجوان بلے باز معاذ صداقت میچ کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے محض 46 گیندوں پر 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔    سلمان علی آغا نے 64 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ محمد رضوان 44 اور صاحبزادہ فرحان 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔    بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 اور مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی اننگز کے بعد بارش کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا، جس کے بعد امپائرز نے ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت بنگلادیش کو جیت کے لیے 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا۔ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی باؤلرز نے میزبان بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 24 ویں اوور میں محض 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے یہ میچ 128 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کر لیا۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی، تاہم اب دوسرے میچ میں پاکستان کی بڑی جیت نے سیریز کو دلچسپ مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ اب سیریز کا فیصلہ کن معرکہ آخری ون ڈے میں ہوگا۔

ٹیگز: