پی سی بی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کرے گا

پی سی بی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کرے گا

لاہور: چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔ چیف سلیکٹر مصباح الحق نے 19 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل فہرست تیار کر لی جس کی چیئرمین پی سی بی منظوری دیں گے۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ میں ترجیح دی جائے گی اور آئندہ کنٹریکٹ بھی تین مختلف کٹیگریز پر ہی مشتمل ہو گا۔سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافہ کا بھی امکان ہے اور بورڈ کی طرف سے اس بار کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافہ پر غور بھی کیا جا رہا ہے۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی، تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے، سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے، جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے، اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی ۔وسیم خان کاکہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا، اسےجاری رکھیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے حکمت عملی بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بجٹ بنا لیا ہے، اسپانسرز کے لیے کوشاں ہیں،مزید ایک سال کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں، آئندہ سیزن کیلئے مشکل ہوگی ۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپانسرز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، کورونا کی وجہ سے سیزن کے التواء سے متعلق پلان بنا رہے ہیں۔