اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ رؤف حسن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی اقدام تھا۔ جسٹس انعام امین منہاس نے رؤف حسن کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک سفر کی مشروط اجازت دی، اور کہا کہ اس مقصد کے لیے وہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ٹرائل کورٹ قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے۔ رؤف حسن کے وکیل نے بتایا کہ ان کا مؤکل کینسر سروائیور ہے اور انہیں طبی معائنے کے لیے برطانیہ جانا ہے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف مقدمہ درج ہونے کی بنیاد پر کسی شہری کا نام ای سی ایل میں ڈالنا درست نہیں، جبکہ رؤف حسن ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا۔