زائرین کیلئے خوشخبری، زیادہ بار عمرہ کرنے کے خواہشمند غیر ملکیوں کو مشروط اجازت

Good news for visitors, conditional permission for foreigners wishing to perform Umrah
کیپشن: فائل فوٹو

ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے انتہائی احسن اقدام اٹھاتے ہوئے غیر ملکی زائرین کو ایک سے زائد مرتبہ عمرہ کرنے کی مشروط اجازت دیدی ہے۔

خیال رہے کہ ابھی تک غیر ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین کو صرف ایک بار ہی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت تھی لیکن اب اس میں نرمی برتنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اس کیلئے انھیں شرائط پر عمل درآمد کرنا لازم ہوگا۔

سعودی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں پہلی شرط بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ زائر کی واپسی کا پروگرام متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ عمرہ زائر کی انفرادی درخواست قبول نہیں کی جائے گی، اسے اپنے گروپ کیساتھ ہی درخواست دینا پڑے گی جبکہ تیسری شرط یہ عمرہ زائرین کو ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے اجازت نامہ ضروری ہوگا۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے مطاف کی لائنوں کو سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھ کر دوبارہ سے ترتیب دیدیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے اس وقت اندرون اور بیرون ممالک سے روزانہ 20 ہزار زائرین کو عمرے کی سہولت دے رکھی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق روزانہ 60 ہزار نمازی اور 20 ہزار سے زائد افراد مسجد نبوی کی زیارت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔