Get Alerts

امریکا نے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام سے وابستہ 32 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دیں

امریکا نے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام سے وابستہ 32 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن : امریکا نے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کی مدد کرنے والے 32 افراد اور اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ افراد اور ادارے ایران کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، چین، ترکی، ہانگ کانگ، بھارت، جرمنی اور یوکرین میں بھی موجود ہیں۔ یہ نیٹ ورک ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے لیے اہم خریداری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ نے دعویٰ کیا کہ یہ نیٹ ورک مشرق وسطیٰ اور بحیرہ روم میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے عالمی اثرات کو روکنا اور اس کے جارحانہ رویے کو محدود کرنا ہے۔ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس نیٹ ورک کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

محکمہ خارجہ نے اس اقدام کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا ہے، جو ایران کے میزائل پروگرام کو روکنے اور ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو ایسے وسائل سے محروم کرنے پر مرکوز تھی جو خطے میں عدم استحکام پیدا کرتے ہیں۔

یہ پابندیاں امریکی ایگزیکٹو آرڈر 13382 کے تحت عائد کی گئی ہیں، جو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی پھیلاؤ میں ملوث عناصر کو نشانہ بناتا ہے۔ اس کے علاوہ، ایگزیکٹو آرڈر 13224 (ترمیم شدہ شکل) کے تحت بھی دہشت گرد گروپوں اور ان کے حمایتیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ٹیگز: