کوئٹہ : سیکیورٹی خدشات کی بنا پر حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئٹہ کے تمام تعلیمی ادارے، بشمول کوئٹہ کینٹ کے اسکولز اور کالجز، 16 نومبر تک بند رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس فیصلے کے ساتھ ہی بلوچستان میں 10 سے 16 نومبر تک انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں، تاہم کوئٹہ شہر کو اس پابندی سے جزوی استثنیٰ حاصل ہے۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے انٹرنیٹ معطلی کے حکمنامے کی تصدیق کرتے ہوئے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔ تاہم کوئٹہ کے شہریوں نے بعض علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز میں مشکلات کی شکایات بھی کی ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین اطلاعات کے لیے میڈیا اور حکام کی جانب سے دی جانے والی معلومات پر نظر رکھیں۔