Get Alerts

استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ: قوالی کی دنیا کے بادشاہ کو خراج تحسین

استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ: قوالی کی دنیا کے بادشاہ کو خراج تحسین

لاہور : پاکستانی موسیقی کی دنیا کے عظیم گلوکار اور قوالی کے بادشاہ، استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ نصرت فتح علی خان، جو 1948 میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے، نے اپنی آواز اور موسیقی سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔

قوالی، غزل، گیت اور کلاسیکل موسیقی میں مہارت رکھنے والے استاد نصرت فتح علی خان نے نہ صرف قوالی کو نئی جہت دی، بلکہ اس میں مغربی موسیقی کے عناصر بھی شامل کیے، جس سے یہ صنف عالمی سطح پر مقبول ہوئی۔ ان کی قوالی ’دم مست قلندر‘ نے دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت حاصل کی، اور آج بھی اس کی مقبولیت قائم ہے۔

نصرت فتح علی خان کی آواز میں وہ جادو تھا کہ سننے والے خود کو ایک منفرد روحانی تجربے میں ڈوبتے ہوئے پاتے تھے۔ انہوں نے عالمی سطح پر قوالی کے فن کو نیا رنگ دیا اور 125 البمز کی ریلیز کے ساتھ گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں بھی اپنا نام درج کرایا۔ ٹائم میگزین نے 2006 میں ایشین ہیروز کی فہرست میں ان کا ذکر کیا، جو ان کی عالمی کامیابی کا غماز ہے۔

استاد نصرت فتح علی خان نے کئی معروف شعراء کے کلام کو اپنی آواز دی اور ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی موسیقی کے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کا اثر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں محسوس کیا گیا، جہاں انہیں ورلڈ میوزک آٹ اینڈ ڈانس فیسٹیول کے ذریعے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔

پاکستانی میوزک کی دنیا کا یہ تابناک ستارہ، جو 48 سال کی عمر میں 16 اگست 1997 کو گردوں کی بیماری کی وجہ سے ہم سے جدا ہو گیا، اپنی موسیقی کے ذریعے آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ استاد نصرت فتح علی خان کو پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد اعزازات بھی دیے گئے، جو ان کی موسیقی کی عظمت کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔

ٹیگز: