لاہور : قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم کر دی۔
پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا، اس وقت محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ محمد رضوان نے 75 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوائی، اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تینوں کھلاڑی سینوران متھوسامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عبداللہ شفیق جلد ہی 2 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ شان مسعود 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق 93 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سابق کپتان بابر اعظم صرف 23 رنز بنا سکے جبکہ سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ لیا۔
38 سالہ آصف آفریدی ڈیبیو نہ کر سکے، جبکہ ساجد خان وائرل فلو سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں شامل ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ نیا سٹیڈیم ہونے کی وجہ سے کھیل کے حالات کا اندازہ نہیں، تاہم جنوبی افریقہ جیسی ورلڈ چیمپئن ٹیم کے خلاف کھیلنا ایک بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس دو اسپنرز ہیں جو لمبے اوورز کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرام نے کہا کہ ان کی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی اس میچ میں نہیں کھیل رہے، تاہم وہ یہاں کی کنڈیشنز سے واقف ہیں اور اسے چیلنجنگ نہیں سمجھتے۔
پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرام (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سینوران متھوسامی، پرینلان سبریئن، کاگیسو ربادا اور سائمن ہارمر شامل ہیں۔