کیلیفورنیا : یونیورسل بس سیریل (USB) ایک ایسا رابطہ انٹرفیس ہے جسے مختلف مقاصد جیسے ڈیٹا ٹرانسفر اور پاور ڈیلیوری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ 1990 کی دہائی میں ایجاد ہونے والی یو ایس بی نے مختلف ورژن اور کنیکٹرز کے ساتھ اپنی شناخت بنائی۔ حالیہ برسوں میں، یو ایس بی سی کنیکٹر کا استعمال بڑھا ہے، لیکن پرانے ورژن جیسے یو ایس بی ٹائپ اے اب بھی عام ہیں۔
یو ایس بی کنیکٹرز کی ایک اہم خصوصیت ان کے پلاسٹک کے رنگ ہیں جو مختلف ورژنز اور ان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہاں ان رنگوں کے معنی بیان کیے گئے ہیں:
سفید رنگ
سفید پلاسٹک یو ایس بی 1.0 یا 1.1 ورژن کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ پرانا ورژن ہے جو صرف 12 ایم بی پی ایس تک کی ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ فراہم کرتا تھا۔ یہ ورژن اس وقت کے لئے بہت محدود تھا اور بہت زیادہ مقبول نہیں تھا۔
سیاہ رنگ
سیاہ رنگ یو ایس بی 2.0 کی علامت ہے، جو زیادہ بہتر اسپیڈ فراہم کرتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ 480 ایم بی پی ایس ہے، اور اس کا چارجنگ سپورٹ بھی بہتر ہوتا ہے۔
نیلا رنگ
نیلے رنگ کا پلاسٹک یو ایس بی 3.0 کی نشاندہی کرتا ہے، جو 5 جی بی پی ایس کی ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ تک پہنچتا ہے۔ یہ یو ایس بی کی دنیا میں ایک بڑی ترقی تھی اور اس کا استعمال آج بھی کافی عام ہے۔
پیلا رنگ
پیلا رنگ یو ایس بی 2.0 اور 3.0 دونوں کے لیے استعمال ہوتا ہے، لیکن یہ زیادہ تر آل ویز آن (Always On) فنکشن کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کا فون اس پورٹ سے جڑتا ہے، تو وہ کمپیوٹر کے سوئچ آف یا سلیپ موڈ میں بھی چارج ہوتا رہے گا۔
نارنجی رنگ
نارنجی رنگ یو ایس بی 3.0 کی سپورٹ کی علامت ہے، خاص طور پر ان پورٹس کے لیے جو زیادہ تر چارجنگ کی فعالیت فراہم کرتے ہیں۔ تاہم، یہ رنگ بہت کم کمپنیوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے۔
سرخ رنگ
سرخ رنگ یو ایس بی 3.1 یا یو ایس بی 3.2 کی طرف اشارہ کرتا ہے، جو 10 سے 20 جی بی پی ایس کی رفتار تک ڈیٹا ٹرانسفر فراہم کرتا ہے۔ یہ یو ایس بی کے جدید ترین ورژن میں سے ہے۔
یو ایس بی 4.0
یو ایس بی 4.0 کے ساتھ کوئی مخصوص رنگ جڑا ہوا نہیں ہے کیونکہ یہ صرف یو ایس بی سی کنیکٹر استعمال کرتا ہے، جو کوئی خاص رنگ نہیں رکھتا۔ یو ایس بی 4.0 زیادہ تیز ڈیٹا ٹرانسفر سپیڈ فراہم کرتا ہے اور یہ جدید آلات میں استعمال ہوتا ہے۔
یہ رنگ نہ صرف کنیکٹر کی تکنیکی خصوصیات کو ظاہر کرتے ہیں، بلکہ صارفین کے لیے یہ ایک آسان طریقہ فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے یو ایس بی پورٹس اور کیبلز کی صلاحیتوں کو فوری طور پر پہچان سکیں۔