وزیر اعظم سری نگر جانے کا اعلان کریں جماعت اسلامی سب سے آگے ہوگی:سرا ج الحق

وزیر اعظم سری نگر جانے کا اعلان کریں جماعت اسلامی سب سے آگے ہوگی:سرا ج الحق


چکوال :امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سری نگر جانے کا اعلان کریں جماعت اسلامی سب سے آگے ہوگی۔ ہمارے فیصلہ سازوں کو کشمیر کے حوالے سے جلد کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔کشمیر میں ایک قیامت برپا ہے ۔کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے ۔

یواین او یا سلامتی کونسل کشمیر یوں کو آزادی نہیں دے گی۔چالیس دنوں سے لوگ موت و حیات کی کشمکش میں ہیں ۔وزیر اعظم ہمیں مودی سے نہ ڈرائیں ،ہمارا ہر نوجوان صلاح الدین ایوبی ،محمود غزنوی اور محمد بن قاسم ہے ۔مودی اور آرایس ایس کے غنڈے خطرناک ہیں تو ہمارے مجاہد ایسا گھیرا ڈالیں گے کہ انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔جموںو کشمیر اور لداخ بھارتی فوجیوں کے قبرستان بنیں گے ۔کشمیر کے نہتے عوام 15لاکھ بھارتی فوج کا مقابلہ کررہے ہیں۔

15ستمبر کوکوئٹہ ،20کو سرگودھا اور 6اکتوبر کو لاہور میں آزادی کشمیر مارچ کریں گے ۔6اکتوبر تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو پھر پاکستان اور کشمیر کے عوام فیصلہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم اب حکمرانوں سے تقریریں نہیں عملی اقدام چاہتی ہے ۔ بدترین کرفیو میں کشمیر ی اپنے مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں ہسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھر گئے ہیں ۔ہر گھر کے سامنے فوجی کھڑا ہے ۔

معصوم بچے اور بیمار دم توڑ رہے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے ادارے اور پوری دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کمزور اور بے بس لوگوں کا نہیں جرا¿ت کے ساتھ میدان میں کود جانے والوں کا ساتھ دیتی ہے ۔وزیر اعظم نے مظفر آباد جانے اور جلسہ سے خطاب کرنے کی دعوت دی تھی مگر میں انہیں کہا کہ مظفرآباد ،لاہور اور اسلام آباد میں جلسوں کا مودی پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔مودی اس دن بھاگے گا جب آپ سری نگر کا رخ کریں گے ۔آپ نے جس دن سری نگر جانے کا اعلان کیا میں آپ سے چارقدم آگے ہونگا۔