کراچی:ایشیا کپ 2025 کے تحت اتوار کو ہونے والے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین اہم میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینز لگانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ ہائی وولٹیج مقابلہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تاہم اس کے براہ راست مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے شائقین کی سہولت کے پیش نظر مختلف عوامی مقامات پر اسکرینز نصب کی جائیں گی۔
کراچی کے ساحلی علاقے کیماڑی میں واقع پورٹ گرینڈ میں خصوصی سکرین نصب کی جائے گی، جہاں فیملیز اور نوجوان کرکٹ شائقین کے لیے بیٹھنے، کھانے پینے اور تفریح کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، مختلف نجی تعلیمی ادارے بھی طلبہ و طالبات کے لیے اس میچ کی براہ راست نشریات دکھانے کے انتظامات کر رہے ہیں، جہاں کرکٹ کے ساتھ ساتھ مزیدار کھانوں اور ہلکی پھلکی تفریحی سرگرمیوں کا بھی بندوبست ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مقامات پر سیکیورٹی اور سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شائقین پُرامن اور خوشگوار ماحول میں میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔