مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔کشمیری عوام نے قابض بھارتی فوج کے تمام تر مظالم اور پابندیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جشن آزادی منایا۔

وادی کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے سبز ہلالی پرچم لہرائے اور پاکستان زندہ باد، بھارت مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ کئی مقامات پر آزادی کے متوالوں نے جان پر کھیل کر پاکستانی پرچم بلند کیے اور سلامی دی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے موران چوک میں بچوں نے بھارت کے سینے پر مونگ دلتے ہوئے 14 اگست کی پریڈ کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ بھارتی پولیس نے ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے متعدد افراد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

وادی جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں شرکا کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضہ اور پاکستان سے الحاق کی دیرینہ خواہش کے تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا گیا، جب کہ کل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ کشمیریوں نے سوشل میڈیا پر بھی پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمارے جسموں پر تو قبضہ کیا ہوا ہے لیکن ہمارے دل پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔

خواتین کی تنظیم دختران ملت نے بھی یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کئی مقامات پر منعقدہ تقاریب میں پاکستان کی حفاظت و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

مصنف کے بارے میں