اسلام آباد : پاکستان بھر میں آج 78 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
شہر شہر، گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ گئے، جبکہ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رات 12 بجتے ہی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان کو رنگ و نور سے سجا دیا۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز نے اعزازی گارڈز کے فرائض انجام دیے، جس میں 4 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے مزار قائدؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی اپنے وطن کی آزادی کا جشن جوش و جذبے سے منا رہے ہیں، اور سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
نئی بات میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے قوم کو جشن آزادی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔