Get Alerts

معرکہ حق نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا جشن آزادی کے موقع پر قوم کو پیغام

معرکہ حق نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا جشن آزادی کے موقع پر قوم کو پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "معرکہ حق" نے نہ صرف پاکستان کے دلوں میں ایک نئی امید و جذبہ پیدا کیا بلکہ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر میدان میں بے مثال عزم و ہمت دکھائی اور علم و ہنر کے باب رقم کیے ہیں۔ انہوں نے معرکہ حق کو محض عسکری فتح نہیں، بلکہ دو قومی نظریے کی صداقت کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ملک کے تمام طبقات و سیاسی جماعتوں کے اتحاد و اتفاق کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ سمیت تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے بکھری ہوئی قوم کو ایک مشن اور نصب العین پر متحد کیا اور پاکستان کی نظریاتی ریاست کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے 78 سالہ سفر کو ایک "آزمائش آمیز کہانی" قرار دیا، جس میں قوم نے اللہ پر بھروسہ رکھتے ہوئے ہر مشکل مرحلے کو عبور کیا اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ معیشت، کھیل، دفاع، اور آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں پاکستانیوں نے اپنی بے مثال عزم، ہمت اور علم کے ذریعے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ٹیگز: