Get Alerts

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے حملے ، 5 پولیس اہلکار شہید، متعدد زخمی

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے حملے ، 5 پولیس اہلکار شہید، متعدد زخمی

دیر/پشاور:  خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے دیر بالا، لوئر دیر، پشاور اور بنوں  میں دہشتگردوں کے مربوط حملوں میں   پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق، دیر بالا کے علاقے پناہ کوٹ میں پولیس موبائل پر حملے کے دوران دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار موقع پر شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب لوئر دیر کے علاقے لاجبوک میں قائم ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ پشاور کے تھانہ حسن خیل پر بھی دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اسی طرح بنوں کے علاقے مزنگ میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کیا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشتگرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن چوکی کو معمولی نقصان پہنچا۔

ان حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے تمام متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے جبکہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور آئی جی پولیس نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ٹیگز: