Get Alerts

جمہوریت، دفاع اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو زرداری

جمہوریت، دفاع اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد :  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت، 1973ء کے آئین، قومی دفاع اور پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے قوم کو جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی مبارک باد پیش کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی جدوجہد، قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کا خواب ایک ایسا ملک تھا جہاں ہر شہری کو مذہب، ذات، جنس یا عقیدے سے بالاتر ہوکر مساوات، انصاف اور عزت سے جینے کا حق حاصل ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ سے بانیان پاکستان کے وژن کی محافظ رہی ہے اور آئندہ بھی جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسا پاکستان چاہتی ہے جہاں مواقع محض چند افراد کا استحقاق نہ ہوں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہوں۔

بلاول بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگیاں پاکستان کے لیے وقف تھیں اور ان کی قربانیاں آج بھی مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نفرت، تقسیم اور عدم برداشت کو رد کریں اور ایک پُرامن، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو جائیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ جمہوریت کا تحفظ کریں گے اور عوام کو بااختیار بنائیں گے۔

سابق وزیر خارجہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ پاکستان ہمیشہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ اقوامِ عالم میں سربلند رہے۔

ٹیگز: