Get Alerts

واٹس ایپ پر فراڈ سے بچاؤ کیلئے اے آئی پر مبنی نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ پر فراڈ سے بچاؤ کیلئے اے آئی پر مبنی نیا فیچر متعارف

کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور مشتبہ گفتگو سے محفوظ رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو ممکنہ اسکیم چیٹس کی نشاندہی کرنے میں مدد دے گا۔

رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کا مقصد ایسی گفتگو کی بروقت شناخت کرنا ہے جس میں فراڈ یا دھوکا دہی کے امکانات موجود ہوں۔ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ آن ڈیوائس اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، یعنی مشین لرننگ ماڈل صارف کے اسمارٹ فون پر ہی کام کرے گا۔

اس نظام کے تحت ایک مخصوص اے آئی ماڈل فون میں ڈاؤن لوڈ کیا جائے گا جو ایسے نمبرز سے آنے والی چیٹس کا جائزہ لے گا جو صارف کے کانٹیکٹس میں محفوظ نہیں۔ اے آئی گفتگو کے انداز، الفاظ اور زبان کے استعمال سمیت مختلف عوامل کا تجزیہ کرکے ممکنہ اسکیم کا اندازہ لگائے گا۔

اگر سسٹم کو کسی چیٹ میں فراڈ کے امکانات محسوس ہوئے تو صارف کی اسکرین پر ایک انتباہ ظاہر ہوگا۔ یہ وارننگ صرف متعلقہ صارف کو نظر آئے گی اور گفتگو میں شامل دوسرے شخص کو اس بارے میں اطلاع نہیں دی جائے گی۔

واٹس ایپ کی جانب سے ظاہر کی جانے والی وارننگ میں صارف کو مختلف اختیارات فراہم کیے جائیں گے۔ صارف مشتبہ نمبر کو بلاک یا رپورٹ کرسکے گا، چیٹ کو جاری رکھ سکتا ہے یا اس گفتگو کو قابل اعتماد قرار دے سکتا ہے۔

اگر صارف کسی چیٹ کو ٹرسٹڈ قرار دیتا ہے تو واٹس ایپ مستقبل میں اس گفتگو کے حوالے سے اسکام الرٹس دکھانا بند کردے گا۔

کمپنی کے مطابق نئے اے آئی ماڈل کو خاص طور پر ممکنہ فراڈ کی نشاندہی کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے تاکہ صارفین کو مشتبہ پیغامات سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ نئے فیچر کی تیاری کے دوران صارفین کی پرائیویسی کو بھی اولین ترجیح دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق چونکہ اے آئی ماڈل براہ راست صارف کے ڈیوائس پر کام کرے گا، اس لیے صارف کے نجی پیغامات تک میٹا کی رسائی نہیں ہوگی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے باوجود واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی، جس کے باعث صارفین کی نجی گفتگو کو معمول کے مطابق تحفظ حاصل رہے گا۔

نئے فیچر کا مقصد صارفین کو فراڈ پر مبنی چیٹس کے بارے میں بروقت خبردار کرنا ہے تاکہ وہ مشتبہ اکاؤنٹس یا نمبرز کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے زیادہ محتاط فیصلہ کرسکیں۔

ٹیگز: