Get Alerts

افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے: محسن نقوی

افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے: محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین بدستور پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، جس کے باعث خطے کے امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

محسن نقوی سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات، پولیس کی تربیت اور قانونی معاملات میں باہمی معاونت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور وہاں سرگرم کالعدم تنظیموں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک مضبوط رکاوٹ کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے کسی ایک ملک کی کوششیں کافی نہیں۔ محسن نقوی نے زور دیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور امن و سلامتی کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

ٹیگز: