اسلام آباد میں 500 پبلک ٹوائلٹس بنانے کا حکم

اسلام آباد میں 500 پبلک ٹوائلٹس بنانے کا حکم
سورس: File photo

 اسلام آباد،چیف جسٹس نے اسلام آباد میں ہر ایک کلومیٹر کے بعد پبلک ٹوائلٹ بنانے کا حکم دے دیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وفاقی دارلحکومت میں 500 پبلک ٹوائلٹس بنائے جائیں ۔ 

سپریم کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شہر میں پبلک ٹوائلٹس کا کیا بنا ۔ جس پر کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ پبلک کے لئے 100 ٹوائلٹس بنائے جارہےہیں ۔ جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ سوٹوائلٹس سے کیا ہوگا سڑک کے ساتھ ہر ایک کلومیٹر کے بعد پبلک ٹوائلٹس بننے چاہئیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بلیو ایریا میں سروس روڈ پر پارکنگ ایریا بنا ہے سڑک کے قریب پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں شاپنگ مالز اور مارکیٹیس میں پارکنگ ایریا نہیں ہے ،شاپنگ مالز ختم کردیں یا ان سے کہیں اپنی پارکنگ کی جگہ بنائیں ۔ نئے بلڈنگ مالکان سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی پارکنگ بنائیں۔سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ختم کردی ۔