عام انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہو گی: شہباز شریف

عام انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہو گی: شہباز شریف
سورس: file

لاہور: ‎سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سائفر کی طرح پا کستان تحریک انصاف  8 فروری کے عام انتخابات کے خلاف سازش کر رہی ہے،   انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہو گی۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، پی ٹی آئی کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے۔  پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے جبکہ عدالتوں میں الیکشن کے التوا کے لیے پٹیشنز کرتی ہے،  ڈی آر اوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ گئی،  ‎2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمے داری نبھائی تھی تب تو پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سائفر میں بھی عوام میں کچھ کہا اور تحقیقات میں کچھ کہا، پی ٹی آئی یہی منافقت الیکشن پر بھی اپنائے ہوئے ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ  آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، یہ جماعت ملک میں آئینی بحران پیدا کر کے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہو اور عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔

مصنف کے بارے میں