Get Alerts

پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو مستند عالمی ادارے کے سرٹیفکیٹ مل گئے ، نئے اہداف کا اعلان

پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو مستند عالمی ادارے کے سرٹیفکیٹ مل گئے ، نئے اہداف کا اعلان

لاہور : پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو سوئٹزرلینڈ کے مستند عالمی ادارے کی جانب سے اعلیٰ معیار پر دو اہم انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو آئی ایس او 9001 اور آئی ایس او 27001 سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں، جس سے یہ ادارہ اپنے نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ بن گیا ہے جو یہ دونوں سرٹیفکیٹس حاصل کر چکا ہے۔

پنجاب بھر میں سہولت بازار اتھارٹی کی جانب سے 17 ہزار سے زائد سٹالز قائم کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ان سٹالز کی تعداد 36 اضلاع میں 6 ہزار اور نئے بننے والے 10 سہولت بازاروں میں 1 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ، ہر ہفتے پنجاب میں 10 ہزار سے زائد عارضی سٹالز بھی عوام کی سہولت کے لیے لگائے جاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے عالمی سرٹیفکیشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنے میں اتھارٹی کی اہمیت کو ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار اتھارٹی نے صوبے بھر میں پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء کو سستے داموں فراہم کر کے عوامی خدمت کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔

مریم نواز شریف نے سہولت بازاروں کا دائرہ مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنوری تک تین نئے اضلاع میں سہولت بازار قائم کیے جائیں گے اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے عوام کا حق ہے کہ انہیں سستی اور معیاری اشیاء ملیں، اور یہ سہولت بازار عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک قابل قدر اقدام ہے۔

اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ادارے اب خدمت کے حقیقی مرکز بن گئے ہیں، اور سستا آٹا اور سستی روٹی عوام کے لیے ایک حقیقی احساس کا نشان ہیں۔

ٹیگز: