یمن, باغیوں نے ملک میں بارودی سرنگوں کا جال بچھا دیا

 یمن, باغیوں نے ملک میں بارودی سرنگوں کا جال بچھا دیا

صنعاء:یمن میں اتحادی فوج اور سرکاری فوج کے ہاتھوں شکست خوردی کے شکار ایران نواز حوثی باغیوں اورسابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا نے ملک میں بارودی سرنگوں کا جال بچھا دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی باغیوں نے ملک کے کئی شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باغیوں نے سرکاری فوج کی پیش قدمی روکنے اور حکومتی فورسز کو زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے کے لیے شہروں، دیہاتوں، شاہراں اور گلیوں محلوں میں جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھا رکھیں جس کے بعد ملک موت کے کھلیان کا منظر پیش کررہا ہے۔یمنی باغیوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ سرنگیں ہمہ وقت مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرے کا باعث ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بھی متعدد بار یمن میں بے تحاشا بارودی سرنگیں بچھائے جانے کے معاملے پر توجہ دلائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بارودی سرنگوں کے خوف سے ہزاروں شہری اپنے آبائی علاقوں اور گھروں کو لوٹنے سے انکاری ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو برسوں کے دوران باغیوں نے اڑھائی لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں۔