اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کی پارٹی کی عام انتخابات میں تاریخی فتح پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کی قیادت مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرے گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے بنگلا دیش کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے اور اس تعاون میں دونوں ممالک کے باہمی احترام اور خودمختاری کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔