اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پندرہ روزہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا اشارہ دے دیا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے پیشِ نظر پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ اور اوگرا کی جانب سے جو ورکنگ تیار کی گئی ہے، اس میں درج ذیل اضافے کی توقع ہے۔
پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں 4 روپے 39 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ٹرانسپورٹ اور زراعت کے لیے استعمال ہونے والے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔
صنعتی استعمال کے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں سب سے زیادہ 7 روپے 05 پیسے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔ گھریلو ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس ممکنہ اضافے سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خورونوش کی نقل و حمل کے اخراجات بڑھ جائیں گے، جس کا براہِ راست بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔
حکومت کی جانب سے ان نئی قیمتوں کا حتمی اعلان آج رات کیا جائے گا، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ خزانہ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔