Get Alerts

بجلی کے نرخوں میں تبدیلی پر آئی ایم ایف کا بڑا مطالبہ: غریب اور متوسط طبقے کو بوجھ سے بچانے کی ہدایت، پاکستانی حکام سے مشاورت تیز

بجلی کے نرخوں میں تبدیلی پر آئی ایم ایف کا بڑا مطالبہ: غریب اور متوسط طبقے کو بوجھ سے بچانے کی ہدایت، پاکستانی حکام سے مشاورت تیز

اسلام آباد / واشنگٹن : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان بجلی کے مجوزہ ٹیرف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کا اہم دور شروع ہو گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستانی حکام کے ساتھ جاری مذاکرات میں واضح کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کا بوجھ متوسط یا کم آمدنی والے طبقے پر منتقل نہیں ہونا چاہیے۔
عالمی ادارے نے بجلی کے نرخوں میں مجوزہ ردو بدل کو سخت جانچ پڑتال سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اس بات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا کہ آیا یہ تبدیلیاں پاکستان کی جانب سے کیے گئے معاشی وعدوں اور اصلاحات سے مطابقت رکھتی ہیں یا نہیں۔ آئی ایم ایف اس امر کا بھی مشاہدہ کر رہا ہے کہ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں مہنگائی اور مجموعی معاشی استحکام پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) میں بجلی کے نرخوں کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی بھی اس وقت انتہائی حساس ہو جاتی ہے جب ملک میں مہنگائی پہلے ہی ایک بڑا سیاسی اور معاشی دباؤ بن چکی ہو۔ آئی ایم ایف ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلے تک پہنچنا چاہتا ہے۔
پاکستانی حکام آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیرف میں تبدیلیوں کا مقصد گردشی قرضے میں کمی لانا ہے، تاہم عالمی ادارے کا اصرار ہے کہ اس عمل میں عام آدمی کا معاشی تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ٹیگز: