اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی صحت اور علاج کے حوالے سے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک طرف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن ارکان کا احتجاجی دھرنا جاری ہے، تو دوسری طرف جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو کروا دی ہے۔
جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ان کے صاحبزادوں سے واٹس ایپ یا سرکاری فون کے ذریعے بات کرائی گئی۔ یہ گفتگو 30 منٹ سے زائد وقت تک جاری رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اپنے بیٹوں سے بات چیت کے بعد بانی پی ٹی آئی کافی خوش اور مطمئن دکھائی دیے۔
بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج کے مطالبات کو لے کر اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کے الشفاء اسپتال میں علاج کی خبر کا انتظار ہے۔ بیٹوں سے بات کرانا خوش آئند ہے لیکن اصل مسئلہ ان کی صحت اور مکمل طبی معائنہ ہے۔