راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی، جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں ان کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔ ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ان کے مؤکل کو تین ہفتوں کے لیے کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکا ہے۔
جج نے کہا کہ آپ درخواست دیں میں دیکھ لیتا ہوں۔عدالت نے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی وارنٹ منسوخی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹس منسوخ کر دیے۔