راولپنڈی : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات کی ہے۔
ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی جہاں علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب، اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔ عدالت نے یہ فیصلہ علی امین گنڈاپور کے وکیل کی درخواست پر کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، جس میں علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے موقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تین ہفتے کے لیے کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک لگا رکھی ہے۔
عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی روک دی۔