پاکستان، آذربائیجان میں مذہبی، ثقافتی اقدار کی بنیاد پر تعلقات قائم ہیں: شاہ محمود قریشی

Relations, Pakistan, Azerbaijan, religious, cultural values, Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان میں یکساں مذہبی ، ثقافتی اقدار کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات ہیں ، خوش آئند بات ہے علاقائی اور عالمی فورمز پر پاکستان اور آذربائیجان میں مماثلت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان میں وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی ، آذری وفد کی قیادت آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمینیا سے آذری علاقوں کو آزاد کرانے پر آذربائیجان حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عالمی سطح پر واضح موقف رہا آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق آذربائیجان سے اقتصادی تعلقات میں وسعت کے خواہشمند ہیں ، وزارت خارجہ میں ہونے والے سہ ملکی مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

وزیر خارجہ کا مسئلہ کشمیر سے متعلق آذربائیجان کی حمایت پر آذری وزیر خارجہ سے اظہار تشکر ، دونوں وزرائے خارجہ کا بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی معاونت اور حمایت پر اظہار اطمینان۔