جعلی سند رکھنے والے سلیکٹڈ نے اپنے جرم کو تسلیم کر لیا، مریم نواز

جعلی سند رکھنے والے سلیکٹڈ نے اپنے جرم کو تسلیم کر لیا، مریم نواز
کیپشن: جعلی سند رکھنے والے سلیکٹڈ نے اپنے جرم کو تسلیم کر لیا، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صادق اور امین کی جعلی سند رکھنے والے سلیکٹڈ نے اپنا جرم مان لیا ہے۔

انہوں نے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ صادق اور امین کی جعلی سند رکھنے والے نے اپنے جرم کو آخر کار مان لیا ہے اور خود ہی کہا ہے کہ واردات میں نے نہیں بلکہ میرے مقرر کردہ ایجنٹوں نے کی ہے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ سات سالوں سے کھٹائی میں پڑی اس شرمناک واردات کا فیصلہ ہو گیا ہے اور اب تحریری فیصلہ باقی ہے لیکن کٹھ پتلی سے 19 جنوری کو حساب مانگنے آ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے 31 جنوری تک مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔