Get Alerts

اے این ایف کی 9 کارروائیوں میں 65 کلوگرام منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

اے این ایف کی 9 کارروائیوں میں 65 کلوگرام منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات سمگلنگ اور فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 65.278 کلوگرام منشیات برآمد کی ہیں اور 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائیاں خاص طور پر تعلیمی اداروں کے قریب منشیات فروشوں کے خلاف کی گئیں۔ پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر کالج کے قریب گاڑی سے 3 کلو ہیروئن اور 1.5 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار ملزمان نے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

کراچی میں سہراب گوٹھ بس سٹینڈ کے قریب دو خواتین کے قبضے سے 12-12 کلو چرس برآمد ہوئی، جبکہ لاہور میں شالیمار باغ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے 13.20 کلو چرس اور 6 کلو افیون پکڑی گئی۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر مسافر بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو چرس ضبط کی گئی۔ گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیاگیا ہے

ٹیگز: