نئی دہلی: تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کی جانشینی سے متعلق حالیہ بیانات پر چین نے بھارت کو سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ معاملہ مکمل طور پر چین کا اندرونی مسئلہ ہے، اور بھارت کی مداخلت سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
چینی سفارتخانے نے نئی دہلی میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “دلائی لامہ کا دوبارہ جنم اور جانشینی چین کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، کسی بھی قسم کی بھارتی مداخلت ریاستی خودمختاری کے خلاف تصور کی جائے گی۔”
یہ بیان بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے آئندہ چین کے دورے سے قبل سامنے آیا ہے، جو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ یہ دورہ 2020 کی مہلک سرحدی جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہوگا۔
دلائی لامہ کی حالیہ 90ویں سالگرہ کے موقع پر بھارت میں ہونے والی تقریبات اور ان میں بھارتی وزراء کی شرکت نے بیجنگ کو برہم کر دیا ہے۔
نئی دہلی میں چینی سفارتکار نے خبردار کیا کہ “تبت ایک حساس داخلی مسئلہ ہے، بھارت دلائی لامہ کارڈ کھیل کر اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔”