Get Alerts

پنجاب میں قانونی اصلاحات کی شروعات، مریم نواز شریف نے پیرا کا افتتاح کر دیا

پنجاب میں قانونی اصلاحات کی شروعات، مریم نواز شریف نے پیرا کا افتتاح کر دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔نمائندہ نیو نیوز لاہور وقاص غوری کے مطابق  پیرا اگلے ہفتے سے لاہور ڈویژن میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گی اور دسمبر تک پورے پنجاب میں کام شروع کر دے گی۔ اس اتھارٹی کا مقصد مہنگائی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز قبضوں اور ناجائز منافع خوری جیسے مسائل کا موثر تدارک کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے خود پیرا سٹیشن پر جا کر ٹوکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کا عمل دیکھا۔ اس موقع پر پیرا فورس نے مختلف جدید حفاظتی آلات، ہتھیار، شیلڈز اور دیگر گیجٹس کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی کیا جسے وزیراعلیٰ نے سراہا۔

ڈی جی پیرا کپٹن (ر) فرخ عتیق نے کہا کہ پیرا پورے پنجاب میں قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے، شفاف تفتیش اور سخت کارروائی کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پیرا فورس صوبے کے ہر شہر، تحصیل، ضلع اور ڈویژن میں کام کرے گی اور ذخیرہ اندوزی، ناجائز قبضے، اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں صحت مند اور خوشحال معاشرہ بنانے کے لیے قانون کے نفاذ میں کمزوریوں کو دور کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

تقریب میں صوبائی کابینہ، اراکین اسمبلی، سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ٹیگز: