اسلام آباد: گوگل اس سال کے آخر تک پاکستان میں اپنی جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) پر مبنی اشتہاری خصوصیت متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس فیچر کے تحت سرچ نتائج میں صارفین کو انگریزی زبان میں اے آئی کی مدد سے تیار کردہ اشتہارات دکھائے جائیں گے۔
یہ اقدام گوگل کے "AI Overviews" پروگرام کا حصہ ہے، جو صارفین کو سرچ کے دوران جامع اور مختصر معلومات فراہم کرتا ہے۔ اب اس پروگرام میں اشتہارات کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ کاروباری حضرات اپنی مصنوعات اور خدمات کو بہتر انداز میں صارفین تک پہنچا سکیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ اس فیچر سے پاکستانی کاروباروں کو زیادہ نمایاں ہونے اور ہدف بنائے گئے صارفین تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ اس سے صارفین کو بھی اپنی ضروریات کے مطابق متعلقہ اشتہارات دیکھنے کا موقع ملے گا، جس سے خریداری کے فیصلے آسان اور تیز ہوں گے۔
یہ نئی سہولت گوگل کی پاکستان میں اے آئی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل گوگل نے پاکستان میں "AI Academy" کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد نئے اسٹارٹ اپس کو تربیت اور وسائل فراہم کرنا ہے تاکہ ملک میں مصنوعی ذہانت کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔