Get Alerts

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعاون کے نئے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعاون کے نئے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد : پاکستان اور برطانیہ نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے "ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم" کے تحت ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

یہ معاہدہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور برطانوی وزیر ڈگلس الیگزینڈر کے درمیان طے پایا، جسے پاکستان کی کابینہ کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ یہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا پہلا اعلیٰ سطحی تجارتی معاہدہ ہے جو باضابطہ منظوری کے بعد طے پایا۔

معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کو ادارہ جاتی سطح پر استوار کرنے کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔ فریقین نے اتفاق کیا ہے کہ تجارتی مواقع کا بھرپور جائزہ لیا جائے گا، باہمی رکاوٹیں ختم کی جائیں گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس فریم ورک کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، اور وقتاً فوقتاً تجارتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

دونوں ممالک نے ڈیجیٹل کامرس، گرین انرجی، ایگریکلچر اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ اس معاہدے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات کو وسعت ملے گی اور معاشی ترقی کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

پاکستان نے خاص طور پر آئی ٹی، ایگری ٹیک اور فارماسیوٹیکل سیکٹرز کی صلاحیت کو اجاگر کیا ہے تاکہ عالمی منڈی میں اپنی برآمدات کو مزید بڑھایا جا سکے۔

علاوہ ازیں، برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ اسکیم (DCTS) کے تحت تجارتی سہولیات دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک جامع تجارتی فریم ورک ہے۔

یہ تاریخی معاہدہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا، جو دونوں ملکوں کے لیے پائیدار ترقی اور مضبوط معاشی بنیاد کا ضامن ہو گا۔

ٹیگز: