لندن: امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ایک نیا تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس اہم معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے دستخط کیے۔
معاہدے کی دستخطی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا آئندہ دنوں میں تجارتی شعبے میں قریبی تعاون کریں گے۔ انہوں نے امریکا کو برطانیہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے امریکی صدر کے دورۂ برطانیہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو امریکا کی بڑی اقتصادی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر خوش ہیں اور وزیراعظم اسٹارمر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس معاہدے کو ممکن بنایا۔ ہم نے برطانوی مصنوعات پر عائد ٹیرف میں کمی بھی کی ہے۔"
یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر گزشتہ روز برطانیہ کے سرکاری دورے پر پہنچے تھے۔ ان کے اعزاز میں ونزر کاسل میں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے ایک خصوصی عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔