مسائل حل ہو جائیں تو میں قومی ٹیم کیلئے دستیاب ہوں: محمد عامر

مسائل حل ہو جائیں تو میں قومی ٹیم کیلئے دستیاب ہوں: محمد عامر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: فاسٹ باؤلر محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہوتی، مسائل حل ہونے کی صورت میں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کیلئے تیار ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان دو مرتبہ میرے گھر آئے جو میرے لئے بہت عزت کی بات ہے، انہوں نے مجھے بہت عزت اور تکریم دی لیکن ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا، میں نے ان کے روبرو اپنے مسائل رکھے اور چند نکات پیش کئے جس پر انہوں نے اپنی بھرپور معاونت کا اظہار بھی کیا۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میرے مسائل حل ہو جائیں تو میں پاکستان کیلئے دستیاب ہوں، میں باربار اس معاملے پر بات کروں گا تو لوگ کہیں گے کہ یہ جان بوجھ کر ایسا کررہا ہے اور اپنی صفائیاں پیش کر رہا ہے، ہمارا کلچر ایسا بن گیا ہے کہ لوگ ان باتوں کو منفی لیتے ہیں، اگر اپنی ذات سے متعلق از خود فیصلہ کر لیا جائے تو کہتے ہیں کہ یہ کیسے کر لیا،یہ تو ہم سے بڑھ کر ہو گیا، فیصلہ تو ہم کریں گے، ذاتی فیصلہ کرنے پر بھی لوگ پیچھے پڑ جاتے ہیں۔
محمد عامر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں موجود بعض افراد نے میرے فیصلے کی منفی عکاسی کی، ایک اچھے کپتان کی یہ ہی نشانی ہے کہ اسے اپنے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے اور پاکستان کی جانب سے ہمیشہ کھلاڑیوں کیلئے مثبت پیغام جانا چاہئے، پاکستان میں پی ایس ایل کو کھلاڑی کے انتخاب کیلئے بنیادی حیثیت دیدی گئی ہے جو قطعی طور پر غلط ہے، پاکستان سے بڑا کوئی نہیں ہے اور نہ ہوسکتا ہے۔