اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد خطے میں امن و استحکام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ یورپی جریدے "دی یورو آبزرور" کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی محض وقتی ریلیف ہے، امن کا حصول اب بھی ممکن نہیں ہو سکا۔
بلاول نے کہا کہ نئی دہلی نے جوہری میزائل نصب کرکے خطے کو ممکنہ تباہی کی جانب دھکیل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جنگی رویے نے خطے کو مستقل خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ عالمی برادری خاص طور پر امریکا کی مداخلت سے کشیدگی میں کمی ممکن ہوئی۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پانی روکنے کے بھارتی اقدامات کو اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، اور خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کو پاکستان "اعلانِ جنگ" سمجھے گا۔