تہران/یروشلم :ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے شمال مغربی صوبے سلماس میں اسرائیلی جاسوس ڈرون مار گرائے ہیں جو مبینہ طور پر ایرانی فضائی حدود میں داخل ہو کر نگرانی کر رہے تھے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، یہ ڈرونز ایران کے خلاف فضائی حملوں کے بعد بھیجے گئے تھے۔
اس کے ساتھ ہی ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں اسرائیل پر تقریباً 2000 میزائل داغے جائیں گے، جو پہلے حملوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید ہوں گے۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ جب تک خطرہ موجود ہے، کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے خبردار کیا کہ "ایران کو ہمارے خلاف میزائل داغنے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی"۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ کئی ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے اور دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں فریقوں سے فوری طور پر تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم فریقین کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔