پی ٹی آئی نریندر مودی کے راستے پر چل پڑی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی نریندر مودی کے راستے پر چل پڑی ہے: بلاول بھٹو
کیپشن: image by facebook

کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کالعدم جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابات لڑے اور ہم کالعدم جماعتوں کے خلاف بات کریں تو ہمیں ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے۔

بینظیر پارک کلفٹن میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت میں جب اپوزیشن ملکی مفاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے مودی سے جواب طلب کرے تو بھارتی وزیراعظم انہیں ملک دشمن قرار دیتا ہے۔ ایسے ہی ہم پاکستان میں کالعدم جماعتوں سے متعلق حکومت سے جواب مانگتے ہیں تو ہمیں ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو بچگانہ بیانات کا سلسلہ بند کرکے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیوں کہ یہ ملک کے لیے اہم وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے روز اول سے کوشاں رہی ہے۔ بینظیر بھٹو نے بھی اپنے دور حکومت میں شجرکاری پر کام کیا تھا جبکہ آصف علی زرداری نے ایک ’ون مین، ون ٹری‘ کا تصور پیش کیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شجرکاری شروع کرنا اچھا اقدام ہے اور یہ سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے لیاری اور ملیر تک بڑھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پھل دار درخت لگائیں تاکہ عوام کو آکسیجن اور ٹھنڈک کے ساتھ پھل کھانے کا موقع بھی مل سکے۔

شادی کے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر پریس کانفرنس میں یہی ایک سوال کیا جاتا ہے اور پھر سارا میڈیا باقی پریس کانفرنس چھوڑ کر صرف شادی کی بات پر تبصرے کرتا ہے