ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں 9 رنز سے شکست

ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں 9 رنز سے شکست

ہملٹن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈکپ کے میچ میں بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کو 9 رنز سے ہرا دیا۔ سدرہ امین نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنائی جو رائیگاں چلی گئی۔ 
تفصیلات کے مطابق سیڈن پارک ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔ 
بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی فرزانہ حق 71 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں جبکہ نگار سلطانہ 46، شرمین اختر 44، شمیمہ سلطانہ 17، رومانہ احمد 16، ریتو مونی 11 اور سلمیٰ خاتون 11 رنز بنا سکیں۔ 
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو سب سے کامیاب باؤلر رہیں جنہوں نے 10 اوورز میں 41 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثناء، ندا ڈار اور عمائمہ سہیل ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکیں۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز ہی بنا سکی۔ سدرہ امین نے 140 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی جو رائیگاں چلی گئی۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں ناہیدہ خان 43، بسمہ معروف 31، عمائمہ سہیل 10، ڈیانا بیگ 12، نشرہ سندھو 9، غلام فاطمہ 5 رنز بنا سکیں جبکہ ندا ڈار، عالیہ ریاض اور فاطمہ ثناءکوئی سکور بنائے بغیر آؤٹ ہوئیں۔ 
بنگلہ دیش ویمن کی جانب سے فاطمہ خاتون 8 اوورز میں 38 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہیں اور رومانہ احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جہاں آراءاور سلمیٰ خاتون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

مصنف کے بارے میں