ممبئی: ہریانہ اسٹیٹ کمیشن فار ویمن نے مشہور ریپر بادشاہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جس کے حالیہ ہریانوی گانے تاتیری میں خواتین کے بارے میں نامناسب اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمیشن نے کہا ہے کہ بادشاہ نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے، اس لیے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے۔ اس معاملے میں دو ایف آئی آرز بھی درج کر دی گئی ہیں۔
کمیشن کی چیئرپرسن رینو بھاٹیا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پانی پت کے ایس پی کو ہدایت دی ہے کہ بادشاہ کو کسی بھی جگہ سے گرفتار کیا جائے اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔ بادشاہ کے وکیل نے مزید وقت مانگا تھا لیکن یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔
چیئرپرسن نے نیشنل کمیشن فار ویمن کو بھی خط لکھا ہے کہ بادشاہ کے ملک میں کسی شو کی اجازت نہ دی جائے۔
عوامی احتجاج کے بعد بادشاہ نے انسٹاگرام پر معافی مانگی اور گانے تاتیری کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا۔
ہریانہ پولیس نے ان کے خلاف لوک آؤٹ سرکلر جاری کر دیا ہے اور متعدد ٹیمیں انہیں گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گانے میں اسکول کی بچیوں کو غیر مناسب انداز میں دکھایا گیا اور خواتین کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔