کیلیفورنیا: دنیا کا سب سے مقبول سرچ انجن گوگل نے تقریباً ایک دہائی بعد اپنے مشہور زمانہ لوگو میں نمایاں تبدیلی کر دی ہے۔
اس تازہ تبدیلی کے تحت گوگل نے اپنے علامتی حرف "G" میں نئے رنگوں کا امتزاج متعارف کرایا ہے۔ اس سے قبل "G" کے اندر گوگل کے مخصوص چار رنگ نیلا، لال، پیلا اور ہرا علیحدہ علیحدہ حصوں میں نمایاں ہوتے تھے، تاہم اب ان رنگوں کو اس انداز میں ملایا گیا ہے کہ وہ قوس و قزح کی طرح ایک کے بعد ایک ترتیب میں نظر آتے ہیں۔
یہ نیا "G" لوگو سب سے پہلے اتوار کے روز گوگل کی iOS ایپ میں بطور اپ ڈیٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد گوگل 16.8 بیٹا ایپ میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی یہی تبدیلی دیکھی گئی ہے۔
گوگل کی جانب سے فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا یہ نیا لوگو صرف "G" کی حد تک محدود ہے یا مکمل "GOOGLE" لوگو پر بھی اس کا اطلاق کیا جائے گا۔ اسی طرح کمپنی نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ آیا یہ تبدیلی گوگل کی دیگر ایپس جیسے کروم، میپس یا جی میل وغیرہ پر بھی کی جائے گی یا نہیں۔
یاد رہے کہ گوگل نے اپنے لوگو میں آخری بڑی تبدیلی 2015 میں کی تھی، جب اس نے سادہ اور جدید طرز کا فلیٹ ڈیزائن اپنایا تھا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔