Get Alerts

تعلیمی اداروں میں 'منشیات کے سیل پیکجز': کوکین کوئین پنکی کے نیٹ ورک کے ہوش ربا انکشافات، شوبز تعلقات بھی بے نقاب

تعلیمی اداروں میں 'منشیات کے سیل پیکجز': کوکین کوئین پنکی کے نیٹ ورک کے ہوش ربا انکشافات، شوبز تعلقات بھی بے نقاب

کراچی:کراچی پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے طریقہ واردات پر مبنی تفصیلی رپورٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پیش کر دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ محض ایک ڈیلر نہیں بلکہ ایک منظم مافیا کی سربراہ تھی جس نے اسکولوں کے کم عمر بچوں اور شوبز انڈسٹری تک اپنے جال پھیلا رکھے تھے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق، پنکی کا گینگ شہر کے پوش علاقوں اور مہنگے نجی تعلیمی اداروں کو نشانہ بناتا تھا۔ ملزمہ نے منشیات کی فروخت بڑھانے کے لیے مارکیٹنگ کا انوکھا اور خطرناک راستہ اختیار کر رکھا تھا، جہاں سکولوں اور کالجوں میں زیادہ منشیات خریدنے والے طلباء کو 'رعایتی پیکجز' دیے جاتے تھے۔ گروہ کا اصل ہدف کم عمر بچے تھے تاکہ انہیں عمر بھر کے لیے اس لت کا عادی بنایا جا سکے۔
پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پنکی کا پورا خاندان اس مکروہ دھندے میں ملوث ہے۔ منشیات کی کمائی کو ٹھکانے لگانے کے لیے ملزمہ نے گلگت میں ایک ہوٹل بھی تعمیر کر رکھا ہے۔ پولیس نے اب ملزمہ کے قریبی عزیزوں کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی ہے تاکہ منشیات کے پیسے سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کی جا سکیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ کے شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات کے ساتھ گہرے روابط ہیں، جو اس کے نیٹ ورک کو تحفظ اور گاہک فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے تھے۔ پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد پنکی کے اکاؤنٹنٹ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے مالی لین دین اور خریداروں کی فہرستیں ملنے کی توقع ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کے بچوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی شوبز سمیت دیگر شعبوں میں موجود سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

ٹیگز: