استنبول : ترک محکمہ جنگلات کا فائر فائٹنگ طیارہ کروشیا میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔ ترک وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی نے بتایا کہ یہ طیارہ کروشیا کے زگریب ہوائی اڈے پر مرمت اور دیکھ بھال کے لیے موجود تھا اور وہاں سے اگلے دن ترکی کے لیے روانہ ہونے والا تھا۔
ان کے مطابق، دونوں طیارے ایک طے شدہ پروگرام کے مطابق زگریب میں رک کر اگلے دن ترکی کے لیے روانہ ہونے تھے، لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے دونوں طیارے ریجیکا ایئرپورٹ پر واپس بلالیے گئے۔ ایک طیارہ تو واپس آ گیا، مگر دوسرا طیارہ واپس نہیں آ سکا۔ مقامی وقت کے مطابق اس طیارے کا رابطہ شام 6 بجکر 25 منٹ پر منقطع ہو گیا تھا۔
اس حادثے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یہ واقعہ اس ہفتے میں دوسرے ترک طیارے کے حادثے کے بعد پیش آیا، جس میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔