بہت جلد مرکزی ملزم عابد کو بھی گرفتار کر لیں گے، صوبائی وزیر قانون

بہت جلد مرکزی ملزم عابد کو بھی گرفتار کر لیں گے، صوبائی وزیر قانون
کیپشن: کیس کا جلد چالان مکمل کرنا ہے اور سزا دلوانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، راجہ بشارت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس پر بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد مرکزی ملزم عابد کو بھی گرفتار کر لیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کا ایک اہم ملزم شفقت گرفتار ہو چکا ہے۔ اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے جس سے ہمیں واضح لیڈ ملی ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ لاہور پولیس نے محنت سے کام کیا، اس کی وجہ سے ہی ملزم شفقت گرفتار ہوا۔ اب ہمارے لیے مشکل ٹاسک نہیں رہا۔ بہت جلد مرکزی ملزم عابد تک بھی پہنچ جائیں گے۔

وزیر قانون پنجاب کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے اس کیس کا جلد چالان مکمل کرنا ہے۔ قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ قانون موجود ہے، صرف عملدرآمد کرانے کی بات ہے۔ مزید کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرملزموں کو سزا نہ دلوا سکے یا تاخیر ہوئی تو ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ گھناؤنا جرم کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دلوائیں گے۔