Get Alerts

ایسا صاف ستھرا تھیٹر کلچر چاہتے ہیں جہاں فیملیز بلا جھجک آسکیں، عظمیٰ بخاری

 ایسا صاف ستھرا تھیٹر کلچر چاہتے ہیں جہاں فیملیز بلا جھجک آسکیں، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت ایسا صاف ستھرا تھیٹر کلچر فروغ دینا چاہتی ہے جہاں فیملیز بلا جھجک آ کر ڈرامے دیکھ سکیں۔

یہ بات انہوں نے معروف فنکار قیصر ثناء اللہ اور نسیم وکی سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں تھیٹر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے نئے تھیٹر ایکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تھیٹر ایکٹ میں دو تجاویز شامل کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نیا تھیٹر ایکٹ تھیٹر انڈسٹری کی مشاورت سے لایا جا رہا ہے تاکہ اسے مزید بہتر اور مہذب بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فحاشی اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، جس کے بعد ڈراموں میں بہتری آئی ہے، تاہم اب بھی کچھ شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب تک تھیٹر سے فحاشی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ گلی محلوں میں غیر قانونی تھیٹرز قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور تھیٹر کے اوقات کار میں بھی مناسب تبدیلیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ تھیٹر ڈراموں میں خواتین کو نشانہ بنانے اور نامناسب جملے بازی بند ہونی چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ ڈرامے اچھے اور معاشرتی موضوعات پر بننے چاہئیں، اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو تھیٹر میں آگے لایا جائے تاکہ تھیٹر کا ماحول مثبت سمت میں بدلے۔

ٹیگز: