آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

 آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: فوٹو/بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی صدر جوزف بائیڈن کی جانب سے افغانستان سے فوجوں کے انخلا کے اعلان کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور انجیلا اگیلر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان سے ستمبر 21 تک امریکی افواج کے انخلا سے متعلق صدر جوزف بائیڈن کے اعلان کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن افغان ہی پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ امید ہے مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس کے دوران 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے آئندہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورے کے دوران فائونڈیشن یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا بھی افتتاح کیا اور معیاری خدمات کے لیے ادارے کے عزم اور کارکردگی کو سراہا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فوجی فاؤنڈیشن 1954 سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف ہے۔ ادارے نے ٹیکس، ڈیوٹیز، لیویز کی مد میں 175 ارب روپے ادا کیے۔ فوجی فاؤنڈیشن کا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ادا کردہ ٹیکس وفاقی بجٹ کا 2.45 فیصد ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں فوجی فاؤنڈیشن نے 1350ارب روپے ٹیکسز، ڈیوٹیز ادا کیں۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم ادارے سے لاکھوں سویلین افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں۔